"کتابخانہ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ایؒ کا افتتاح”

مرشد آباد: علم و معرفت کے فروغ اور مطالعہ کی ثقافت کو عام کرنے کے مقصد سے کتابخانہ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ایؒ کا افتتاح آج 14 جون بروز اتوار رات کے 9 بجے چوک شاہی مسجد مرشد آباد میں منعقد ہوا۔ اس علمی و ثقافتی منصوبے کا اہتمام اسلامی تعلیمات کولکاتا کے زیرِ اہتمام کیا گیا ہے۔
اس موقع پر علماء میں مولانا سید احسن نقوی صاحب قبلہ امام جمعہ والجماعت اور مولانا مکبر حسن خان قمی صاحب، محترم ذاکر اہلبیت خورشید صاحب قبلہ، دانشوران میں محترم سید علی رضا صاحب ، محترم سید محمد فیض صاحب اور محترم سید محمد مہتاب جاہ صاحب، طلبہ اور علم دوست افراد کی شرکت کثیر تعداد میں رہی۔
منتظمین کے مطابق کتابخانے کے قیام کا مقصد مستبصرین اور نوجوان نسل کو کتابوں سے جوڑنا، دینی و عصری علوم کے مطالعے کی ترغیب دینا اور علمی و فکری شعور کو فروغ دینا ہے۔
اسلامی تعلیمات کولکاتا کے ذمہ دار مولانا محمد طیب علی انصاری قمی صاحب نے کتابخانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی اور بیداری کا راز علم میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتابخانے صرف کتابوں کے ذخیرے نہیں ہوتے بلکہ یہ فکری تربیت، علمی تحقیق اور تہذیبی ارتقاء کے مراکز ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ مطالعہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور علم کے ذریعے اپنے مستقبل کو روشن کریں۔
اسلامی تعلیمات میں علم کو غیر معمولی اہمیت دی گئی ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
"طلب العلم فریضة على كل مسلم” یعنی علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔
ایک اور حدیث میں ارشاد فرمایا:
"من سلك طريقاً يلتمس فيه علماً سهل الله له به طريقاً إلى الجنة” یعنی جو شخص علم حاصل کرنے کے لیے کسی راستے پر چلتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت کا راستہ آسان فرما دیتا ہے۔
اسی طرح حضرت علی علیہ السلام کا مشہور فرمان ہے:
"العلم خير من المال” یعنی علم مال سے بہتر ہے، کیونکہ علم تمہاری حفاظت کرتا ہے جبکہ مال کی حفاظت تمہیں کرنی پڑتی ہے۔
منتظمین نے عوام بالخصوص طلبہ، اساتذہ اور نوجوانوں سے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس علمی مرکز کو فعّال اور مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرے میں علم، مطالعہ اور تحقیق کی روایت مزید مستحکم ہو سکے۔

تصویری جھلکیاں:

منجانب:

چوک شاہی مسجد مرشد آباد
اسلامی تعلیمات کولکاتا(محمد طیب علی انصاری قمی)

 

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے